13 ہزار سے زائد جعلی اسلحہ لائسنس کے سکینڈل میں ملوث افسران و ملازمین کو نشان عبرت بنایا جائے گا: شہباز شریف
South Asian News Agency (SANA) ⋅ November 24, 2010 ⋅
گجرات (ثناء نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے دور حکومت کے دوران ضلع گجرات میں 13ہزار سے زائد جعلی اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے سکینڈل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ پر برس پڑے اور کہا کہ ذمہ دار افسر ٹھنڈے کمروں سے نکل کر ماتحت عملے کی کارکردگی کو مانیٹر کرے تو کسی کو ایسا کرنے کی جرأت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان لائسنسوں کی تیاری میں ملوث تمام سرکاری اور پرائیویٹ افراد کو قانون کی گرفت میں لاکر عبرتناک سزا دی جائے گی تاکہ دوسرے ملازمین بھی ان کی کرپشن سے سبق سیکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سرکاری افسران ‘ سیاسی نمائندوں اور تاجروں تنظیموں کے اجلاسوں سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن پر قابو پائے بغیر مہنگائی ‘ بے روز گاری اور غربت کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے نام پر کرپشن اور اقربا پروری کا بازار گرم کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے بریفنگ کے دوران گجرات میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حسن چوک گجرات میں 10 کروڑروپے کی لاگت سے پارکنگ پلازہ تعمیر ہوگا جس سے علاقے میں ٹریفک اور پارکنگ کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے سویڈ یش پاکستانی انسٹی ٹیوٹ کی اپ گریڈیشن اور گجرات بائی پاس ریلوے کراسنگ کو دو رویہ کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ضلع میں مختلف مقامات پر کروڑوں روپے کی لاگت سے میٹرنٹی ہسپتال ‘ دیہی مراکز صحت ‘ نالوں کی تعمیر و مرمت ‘ اور سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے ضلع کے 350سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کے علاوہ نواز شریف میڈکل کالج کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لئے موثر اور نتیجہ خیز لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ اس امر سے لیا جائے گا کہ متعلقہ علاقوں میں کتنے اشتہاری مجرم گرفتار کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاریوں کو پناہ دینے والے بھی جرائم میں برابر کے شریک ہیں ۔ محمد شہباز شریف نے ضلع گجرات میں 13ہزار سے زائد جعلی اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے سکینڈل کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان لائسنسوں کی تیاری میں ملوث تمام سرکاری اور پرائیویٹ افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قتل‘ اغواء اور ڈکیتی جیسے گھناؤنے جرائم کے مجرموں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ کمیونٹی پولیسنگ کے نظام کو فروغ دے کر جرائم کے سدباب کے لئے ہر سطح پر عوام کا تعاون حاصل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نقصانات کی وجہ سے بجٹ میں اربوں روپے کی کٹوتی کے باوجود ضلع گجرات میں عوامی اہمیت کے منصوبوں کے لئے تمام ضروری وسائل مہیا کئے جائیں گے اور پہلے سے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔ اس موقع پر سینئر مشیر ذوالفقار علی خان کھوسہ‘ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ‘ صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ اور گجرات سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایوان صنعت و تجارت گجرات کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کی فراہمی میں پنجاب کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے جس سے صنعتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام صوبوں کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں لیکن پنجاب کو اس کا حق ملنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس مسئلے کو وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر پٹرولیم کے ساتھ بھی اٹھایا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سوئی گیس کے متبادل این ایل جی کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے جس کے بعد صنعتوں کے لئے گیس کی سپلائی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صنعتوں کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے سویڈش پاکستانی انسٹی ٹیوٹ گجرات کی اپ گریڈیشن کے لئے گجرات چیمبرز آف کامرس کی شراکت سے ایک بورڈ آف گورنرکی تشکیل کا اعلان بھی کیاتاکہ مجوزہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے اس موقع پر کہا کہ پچھلے دور حکومت میں گجرات میں بدانتظامی کا دور دورہ تھا اور جرائم پیشہ افراد دندناتے پھرتے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کی تعیناتی کے لئے میرٹ کی جو پالیسی اپنائی ہے اس کی بناء پر اب ضلع کے عوام مثبت تبدیلی محسوس کر رہے ہیں
Post a comment