جاوید ہاشمی کے طیارے کو سیالکوٹ میں اترنے کی اجازت نہ دینے کی تحقیقات ہوں گی،خواجہ محمد آصف

اسلام آباد (ثناء نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کے نجی طیارے کو سیالکوٹ کے ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ دینے کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے ۔ یہ اعلان انہوں نے بدھ کو قومی اسمبلی میں کیا ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا ہے کہ طیارے کے پائلٹ اور ٹاور میں موجود عملے کو بیانات کے لئے ایوان کی استحقاق کمیٹی میں طلب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سندھ کے علاقہ عمر کوٹ میں ہندووؤں تاجروں کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ایوان میں سید خورشید شاہ ، مخدوم جاوید ہاشمی اور شاہ محمود قریشی کے نکتہ اعتراضات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی ہمارے لئے قابل احترام ہیں چاہے کسی بھی جماعت سے ہوں ۔ ہمارے ساتھ رہے ان کی عزت احترام کا تعلق ہے ۔ میں انہیں پھر سیالکوٹ آنے کی دعوت دیتا ہوں ۔ نجی طیارے میں گئے تھے ۔ معلوم نہیں ان کا طیارہ تھا یا کسی اور کا ۔ طیارے کو اترنے کی اجازت ملنی چاہئے تھی ۔ موسم خراب تھا یا کچھ او۴ر وجہ تھی ایوان کو پتہ چلنا چاہئے ۔ مخدوم جاوید ہاشمی باقاعدہ طور پر تحریک استحقاق پیش کر دیں ۔ عمر کوٹ میں ہندو تاجروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے صوبائی معاملہ ہے تحقیقات کے لئے وفاقی حکومت مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے ۔ aa/ah/jk

Archives