اندرونی وعالمی سیاسی حالات پاک چین دوستی پر اثر انداز نہیں ہو سکتے،طارق فاطمی

اسلام آباد(ثناء نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ اندرونی وعالمی سیاسی حالات پاک چین دوستی پر اثر انداز نہیں ہو سکتے دونوں ملکوں کی قیادت نے دو طرفہ تعلقات کو بہترین دوستی میں تبدیل کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کیا ہے دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے کسی کے ذہن میں شک نہیں ہونا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پاک چین تھنک ٹینک کے مشترکہ سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا طارق فاطمی نے کہا کہ چین کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس نے کبھی بھی دوسری سرزمین پر قبضہ کرنے کیلئے سفر نہیں کیا بلکہ دوستی بنانے کیلئے سفر کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن دوستی میں کوئی کمی نہیں آئی قیادت کی تبدیلی،اندرونی سیاست اور بین الاقوامی حالات پاک چین دوستی پر اثر انداز نہیں ہو سکے کسی بھی طرح کی صورتحال میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں پاک چین دوستی سمندروں سے گہری پہاڑوں سے بلند اور شہید سے میٹھی ہے طارق فاطمی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت نے دو طرفہ تعلقات کو بہترین دوستی میں تبدیل کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کیا ہے وزیراعظم نواز شریف اس دوستی کو مزید گہرا کرنے کیلئے کردار ادا کررہے ہیں ان کا کہنا تھاکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہونگے یہ راہداری خطے میں امن و استحکام اور ترقی کیلئے اہم ہے اس کے اثرات جنوبی ایشیاء سے باہر مشرق وسطیٰ ،افریقہ اور وسط ایشیاء تک ہونگے دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے قریب ہیں اور دو طرفہ تعلقات عوام کی سطح تک قائم ہیں پاک چین دوستی کے حوالے سے کسی کو شک نہیں ہوناچاہیے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چینی سفارتخانے کے ناظم الامور ژاؤ گانگ نے کہا کہ ہم اس سیمینار کے انعقاد پر پاکستانی وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں پاک چین دوستی دو ممالک کے درمیان تعلقات کی بہترین مثال ہے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر روابط قائم ہیں اس سیمینار کے انعقاد سے دونوں ملکوں کے اسکالرز کے درمیان مضبوط رابطے قائم ہونگے جس سے دو طرفہ تعلقات مزید فروغ ملے گا پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان اور خطے کی خوشحالی کیلئے اہم ثابت ہوگی۔shj/ILy

Archives