پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام

جموں (ثناء نیوز) مقبوضہ پونچھ میں ایل او سی پر پاکستان بھارت افواج کے درمیان گولی باری کا تازہ واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد بھارت نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق منگل کی صبح11بجکر30منٹ پر پونچھ کے شیر شکتی بیلٹ میں پاک بھارت افواج کے درمیان گولی باری کا ایک اور واقعہ پیش آیا جو رواں ماہ کے دوران اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ پاکستانی اور بھارتی فوجیوں نے ایک بار پھر ایک دوسرے کے ساتھ زور آزمائی کی کوشش کرتے ہوئے زبردست فائرنگ کی۔پاکستانی فوج کی641مجاہد رجمنٹ سے وابستہ اہلکاروںنے ہلکے اور خود کار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان کرنل منیش مہتا نے کہا کہ بھارتی فوج نے بھی جواب میں گولی باری کی اور سرحد پار سے فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر کیلئے جاری رہا، تاہم اس میں فوج کوکسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ترجمان نے پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ سرحد پار سے بیک وقت کئی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کا بھارتی فوج نے بھی معقول جواب دیا۔۔nt/ah/wa

Archives