حکومت مسائل کے حل کی بھرپور کوشش کر رہی ہے؛ چوہدری عبدالمجید

مظفرآباد(ثناء نیوز)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ حکومت لوڈ شیڈنگ سمیت تمام مسائل کے حل کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔وفاقی وزیر بجلی وپانی خواجہ آصف پیبکو کو مظفرآباد شہر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔انفراسٹرکچر کی ترقی اور تعلیمی انقلاب کے ذریعہ آزاد خطہ کو معاشی خوشحالی کے راستے پر ڈالنا ترجیحات میںشامل ہے۔ سیکرٹری جنرل او ۔آئی۔سی کے کشمیریوں کے حق خودارایت کے حق میں دو ٹوک موقف اپنانے سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نئی تقویت ملے گی۔وہ بدھ کے روز ایوان وزیر اعظم میں صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔وزیر اعظم چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ آزادکشمیر میں بجلی کی ضروریات صرف 3سو میگا واٹ ہے جبکہ یہاں سے ڈیڑھ ہزار میگا واٹ کے لگ بھگ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کی خاطر آزادکشمیر کے لیے بجلی کا کوٹہ مختص کرانے کے لیے وفاقی وزارت پانی وبجلی سے بات چیت گزشتہ عرصہ سے چل رہی ہے۔ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے پیبکو کو ہدایت کی کہ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد شہر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔و زیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے ہی آزادکشمیر کے لیے کوٹہ مختص کرنے پر متفق ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مظفرآباد کے بعد دیگر شہروں کے لیے بھی کوٹہ مختص کرایا جائے جس پر وفاقی وزیر خواجہ آصف یقین دہانی بھی کرا چکے ہیں۔ ایک سوال پر وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے او۔آئی۔سی کے سیکرٹری جنرل کے مسئلہ کشمیر کے حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی دوٹوک حمایت سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی تقویت ملی ہے اور کشمیر یوںکے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کوششوں سے او۔آئی۔سی نے کشمیر پر اسلامی وزراء خارجہ کا رابطہ گروپ بنایا جس میںکشمیریوں کو بھی مبصر کی حیثیت سے نمائندگی دلائی ۔وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور اپنے وعدوں کے انحراف کی وجہ سے کشمیری ابھی تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا پیدائشی حق ،حق خودارادیت حاصل کرنے میںکامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ایک اور سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ او۔آئی۔سی کے سیکرٹری جنرل کو تحریک آزادی کشمیر کے علاوہ آزادکشمیر میں ترقیاتی اور تعمیر نو کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو بڑھا کر اسے انفراسٹرکچر کی ترقی، تعلیمی اور صحت کے شعبوں میں مزید بہتری لانے کے لیے استعمال کیا جائے۔pr/shj/ily

Archives