توسہ میدان اراضی کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے گا۔ عمر عبداللہ

بیروہ بڈگام (ثناء نیوز) مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر سے کوئی بھی شخص عراق اور مصر میں آئی ایس آئی ایس نامی جہادی گروپ میں شرکت کرنے کی غرض سے نہیں گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توسہ میدان اراضی کو عنقریب لوگوں کیلئے وقف کرکے اسے سیاحتی نقشے پر لایا جائے گا۔ وزیراعلی نے کل بیروہ میں سب ضلع اسپتال اور نمائش کراسنگ و رام باغ کراسنگ پر شاپنگ کمپلیکسوں کا افتتاح کرکے اسے عوام کے نام وقف کیا۔ اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا جموں کشمیر سے کوئی بھی شخص آئی ایس آئی ایس میں شمولیت اختیار کرنے کی غرض سے نہیں گیا ہے، جہاں تک میری معلومات ہیں، ہم نے سنا ہے کہ ایک کشمیری نوجوان آسٹریلیا سے تربیت حاصل کرنے کی غرض سے گیا ہے، لیکن اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ یہاں سے کوئی مصر یا عراق گیا ہو۔ اس سے قبل پارٹی ورکروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنی پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جانے کی بھی بات کہی اور الیکشن سے قبل مذید اقدامات اٹھانے کا عزم دھرایا۔ان کا کہنا تھا کہ توسہ میدان کو سیاحتی نقشے پر لایا جارہا ہے ۔وزیر اعلی نے بتایا کہ اس علاقے کی بہت دیرینہ مانگ رہی ہے کہ توسہ میدان کو ٹورازم کے نقشے پر لایا جائے کیونکہ یہاں سیاح لاکھوںکی تعداد میں آتے ہیں جن کا کئی ایک برسوں سے صرف چند ایک مقامات کی سیر کرنا معمول سا بن گیا ہے،اور اب ہمارے یہاں آنے والے سیاح ہم سے نئی نئی جگہیں سیر و تفریح کے لئے دستیا ب رکھنے کا مطالبہ بھی کررہے ہیں اور اسلئے یہ بہت ضروری ہوگیا ہے کہ ہم نئے علاقوںکو سیاحت کے نقشے پر لائیں۔ وزیر اعلی نے کہااس علاقے میں نوجوانوں کو روزگار چاہیے جسکے لئے ہم توسہ میدان جیسی خوبصورت جگہ کو عنقریب یہاں رہ رہے لوگوں کے نام نہ صرف وقف کرینگے بلکہ اس جگہ کو ہم سیاحت کے دائرے میں بھی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال انہوں نے فوج کے ساتھ دو اہم فیصلے کئے۔ ایک یہ کہ اس علاقے کو آیندہ کسی بھی تربیت کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حال ہی فوج کی طرف سے شروع کئے گئے آپریشن کے تحت توسہ میدان میں موجود بنا پھٹے شلوں کو صاف کرکے اس جگہ کو لوگوں کے نام وقف کیا جائے گا، جسے علاقے کی معیشت کو کافی حد تک فائدہ ہوگا اور علاقے کو نوجوان حقیقی معنوں میں ٹور ازم کا فائدہ اٹھا پائیں گے۔۔nt/ah/wa

Archives