ایس ای سی پی کی کراچی سٹاک ایکسچینج کے حصص کی فروخت کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت

ایس ای سی پی کی کراچی سٹاک ایکسچینج کے حصص کی فروخت کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت

کراچی(ثناء نیوز) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے سٹاک ایکسچینج کی ڈی میوچلائزیشن کے عمل کو مکمل کرنے کے لئے قائم کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ پالیسی کے مطابق کراچی سٹاک ایکسچینج کے حصص کی فروخت کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ڈی میوچلائزیشن کمیٹی کا اجلاس ایس ای سی پی کے چئیرمین طاہر محمود کی صدارت میں منگل کے روز کراچی سٹاک ایکسچینج میں ہوا جس میں سٹاک ایکسچینج کے حصص کی فروخت کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان میں قائم تینوں اسٹاک ایکسچینجز کی ڈی میوچلائزیشن کی پالیسی کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج کے چالیس فیصد حصص سٹراٹیجک سرمایہ کاروں جبکہ بیس فیصد حصص عام فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ کے ایس ای کے بقایا چالیس فیصد حصص مقامی فنانشل انسٹی ٹیوشن کو فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ ڈی میوچلائزیشن کمیٹی نے چئیرمین ایس ای سی پی کو بتایا کہ کے ایس ای کے حصص کی فروخت کے عمل کو جلد مکمل کر لیا جائے گا اور اس حوالے سے دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں سے جلد پیشکشوں کی طلبی کا بھی جلداعلان کیا جائے گا۔اس موقع پر سٹاک مارکیٹ میں جاری کئے گئے حکومتی بانڈزکی کارکردگی اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ملک میں سرمائے کی منڈی کے فروغ کے لئے مارکیٹ کے ماہرین اور ایس ای سی پی کے حکام پر مشتمل ایک کمیٹی کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ یہ کمیٹی ملک میں کیپیٹل مارکیٹ کے فروغ اور کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تجاویز مرتب کرے گی۔ اجلاس میں ایس سی سی پی کے کمشنر سیکورٹیز مارکیٹ ڈویزن ظفر عبداللہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمران اقبال پنجوانی ، ڈائریکٹر عمران عنایت بٹ، ڈی میوچلائزیشن کمیٹی کی ممبران جناب آرف حبیب، امین عیسی، فیروزالدین قاسم، عبدلمجید آدم، یاسین لاکھانی، حاجی غنی حاجی عثمان اور شہزاد چمیڈا نے شرکت کی۔ nt/shj/qa

Archives