چین کی زرعی تحقیق سے استفادہ کر کے ملکی زرعی پیداوار کو دگنا کیا جا سکتاہے: ڈاکٹر فرخ جاوید

لاہور (ثناء نیوز) صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پاک چین تعاون اور دوستی کے رشتے کو دفاعی، صنعتی اور توانائی کے میدان تک محدود نہیں کیا جا سکتا بلکہ زرعی شعبے میں بھی پاک چین پارٹنرشپ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ زرعی میدان میںچین کی تحقیق سے فائدہ اٹھا کر زرعی پیداوار کو دگنا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں اور زرعی ریفارمز متعارف کروا کر سبز انقلاب کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت نے یہاں ایکسپو سنٹر لاہور میں بین الاقوامی شہرت یافتہ CAC(چائنہ ایگروکیمیکل ) زرعی نمائش 2014 کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی ایشیا میں CAC منعقد کروانے کا اعزاز سب سے پہلے پاکستان اورلاہور کو مل رہا ہے جس پر اس نمائش اور کانفرنس کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں ترقی کیلئے وضع کردہ پالیسیوں کا تسلسل اور جمہوریت نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی سہولت کیلئے بائیو گیس پراجیکٹ پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور اس سال 20ہزار ڈیزل ٹیوب ویل بائیو گیس پر منتقل کر دیے جائیں گے جن کی تیاری پر حکومت پچاس فیصد سبسڈی دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار فرٹلائیزر پر 14 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے جس کا براہ راست فائدہ کسان تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انڈسٹری(CCPIT) کی صدر مس ماؤ چنین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین نے گزشتہ دس سالوں میں اپنی پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کو دگنا کیاہے جو کہ صرف جدید تحقیق کی بدولت ممکن ہوا۔ انہو ں نے بتایا کہ چین دنیا کے کل زرعی رقبے کا 8فیصد استعمال کر کے دنیا کی آبادی کے 19فیصد کو خوراک فراہم کر رہا ہے۔ انہوں میں پاکستان اور چین کے مابین زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا اوردوستی کے اس رشتے کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقدہ یہ زرعی نمائش دو روز تک جاری رہے گی جس میں پاکستان اور چین سمیت کئی ممالک کے 160سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں زرعی مشینری، ادویات اور فرٹلائیزر سمیت ماہرین کی بڑی تعداد بھی ہمہ وقت موجود رہے گی۔#

Archives