توسہ میدان کو بارودی مواد سے صاف کرنے کا عمل شروع ہوگیا

بڈگام(ثناء نیوز)ضلع بڈگام کے کھاگ تحصیل میں واقع ہزاروں کنال اراضی پر مشتمل انتہائی خوبصورت چرا گاہ توسہ میدان جسکا لیز اس سال اپریل میں ختم ہوچکا ہے، جہاں یہ معاملہ موجودہ سرکار کی گلے کی ہڈی بنا ہوا ہے، میں کچھ دن قبل فوج کے وکٹر فورس کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے تحت آپریشن فلاح نامی پروگرام کا افتتاح کیا گیا، جسکا بنیادی مقصد اس چرا گاہ میں پچھلے 50 سال سے زائد برسوں کے دوران فائرنگ رینج میں پھٹنے سے رہ گئے بارودی مواد کو صاف کرنا ہے کیونکہ ابھی تک ان زندہ شلوں کی زد میں آکر لگ بھگ 60سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ سینکڑوں لوگ جسمانی طور پر مکمل طور سے ناکارہ بھی بن گئے ہیں ۔واضح رہے کہ اس فائرنگ رینج میں گزشتہ ماہ ژیر ہارہ بیروہ کا بلال احمد پرے بھی دھماکے میں مارا گیا۔ ان واقعات کے بیجوں بیج فوج کی 15کور کے جے او سی نے یکم اگست کو توسہ میدان میں آپرشن فلاح کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس آپریشن کے تحت فوج نے پچھلے 2دنوں کے دوران اس رینج کے سو سے لیکر 1200میٹر علاقے کا محاصرہ کرکے وہاں موجود شک آور بارودی مواد کو ناکارہ بنایا ۔اس ضمن میں فوج کے چنار کور کے ترجمان نے بتایا کہ توسہ میدان میں نصف صدی سے قائم فائرنگ رینج کے 11200 ہیکٹر رقبے کو آپریشن فلاح کے تحت بارودی مواد سے صاف کیا جانے کا پروگرام ہے جس میں لگ بھگ تین ماہ کا وقت درکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن فلاح کے تحت اس فائرنگ رینج میں 4پارٹیاں کا م پر لگی ہوئی ہیں جوکہ دس دس لوگوں پر مشتمل ہیں اور ہر پارٹی کے ہمراہ اسپیشل ٹاسک فورس، انجینئر اور 2 تربیت یافتہ کتے شامل ہیں ۔ فوجی ترجمان کے مطابق اس چرا گاہ میں مال مویشی چراہنے کی غرض سے موجود چوپانوں اور خانہ بدوشوں کی طرف سے وہاں اس آپریشن پر تعینات فوج کو کافی تعاون مل رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس چرا گاہ میں موجود بارودی مواد کومقررہ وقت کے اندر ناکارہ بنانے میں فوج کو کافی مدد ملے گی۔ اس دوران فوج کی طرف سے علاقہ میں دیگر جگہوں پر موجود ان شلوں کی اطلاع فوج کو دینے کے لئے یہ ٹیلی فون نمبرات دستیاب رکھے گئے ہیں9585994704, 01933261923۔ مقامی لوگ فوج کے اس قدم سے انتہائی خوش نظر آرہے ہیں اور بہت جلد توسہ میدان کو 60 برسوں کے بعد عوام کے نام وقف ہو نے کے لئے پر امیدہیں۔واضح رہے کہ پچھلے دنوں فوج کی جانب سے شروع کئے گئے آپریشن فلاح کے بعد مقامی لوگ جوق در جوق توسہ میدان کا رخ کررہے ہیں جبکہ مقامی ٹرانسپورٹروں نے توسہ میدان کیلئے فی الحال ہفتے میں ایک دن اتوار کو سومو سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیاہے۔ اس ضمن میں شیخ العالم سومو اسٹینڈ کھاگ نے اس خوبصورت مقام تک لوگو ں کو لیجانے کیلئے براس اور شالہ کین نامی مقامات سے ہوتے ہوئے توسہ میدان کے لئے سومو سروس شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ توسہ میدان تک آنے جانے کیلئے یہ واحد زمینی راستہ ہے اور اس کی حالت بہت خستہ ہے ۔سومو اسٹینڈ کھاگ کے چیئرمین عبدالاحد گنائی نے بتایا کہ انہوں نے یہ قدم اس جگہ تک لوگوں کی زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل کرنے کیلئے اٹھایاہے اور یہاں تک فی سواری کیلئے 150 روپے کا کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔۔nt/ah/wa

Archives