نجی مسافر طیارہ نو فلائی زون میں گرا، تخریب کاری ہو سکتی ہے

اسلام آباد(ثناء نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے اسلام آباد میں نجی مسافر طیارہ گرنے کے واقعے کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ تخریب کاری بھی ہو سکتی ہے تاہم تحقیقات کا انتظار کیا جائے ۔ طیارہ جس علاقہ میں گرا ہے وہ نو فلائی زون علاقہ ہے ۔ سانحہ مارگلہ وادی کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے گی ۔ وہ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ مارگلہ پہاڑوں پر نجی مسافر طیارہ گرنے کے واقعے میں کسی کے بچ جانے کی امید نہیں ہے اور طیارے میں سوار 152 مسافر جاںبحق ہو گئے ہیں ۔ وزیر داخلہ کے اس بیان نے طیارے میں سوار مسافروں کے لواحقین کو سخت مایوس کر دیا ہے کیونکہ اس سے پہلے وزیر داخلہ نے کہا کہ 5 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ کے متضاد بیانات نے خود ان کی ذمہ داری سے متعلق جھوٹے دعوؤں اور باتوں کو بے نقاب کر دیا ہے ۔ ادھر وزیر داخلہ رحمن ملک نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ طیارہ نو فلائی زون ایریا میں گرا ہے اور طیارہ پہاڑ سے ٹکرانے کے بعد ملبہ کھائی میں گرا ہے اور ملبے سے نکالی گئی بہت سی لاشوں کی شناخت نہ ہو سکی ۔ انھوں نے تخریب کاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تخریب کاری کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا ۔ یہ تخریب کاری بھی ہو سکتی ہے میں ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتا ہوں اور تحقیقات میں ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ طیارے میں سوار مسافروں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے اور جاں بحق افراد کی ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے بھی شناخت کا طریقہ اپنایا جائے گا۔

Post a comment

Archives