کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی برقرار 24 ارب سے زائد کا اضافہ
کراچی (ثناء نیوز) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کوکاروبار حصص میں اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای کی 100 انڈیکس 10300کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔مارکیٹ سرمایہ میں24 ارب20 کروڑ روپے سے زائد کااضافہ ہوا، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 78.99 فیصد زائد جبکہ54.47فیصد حصص کی قیمتوں میںاضافہ ہوا۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز، انفرادی نوعیت اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے مخصوص حصص کی قیمتوں میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 10400 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا، تاہم لیوریج پروڈکٹ کی کمی، پرافٹ ٹیکنگ، فروخت کے دباؤ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس89.14 پوائنٹس اضافے سے 10386.82 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 128.89پوائنٹس اضافے سے 10382.74 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 238.30 پوائنٹس اضافے سے 15666.47 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 60.31پوائنٹس اضافے سے 7258.00 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ۔ مجموعی طور پر 391 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 213 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 155 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 23 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ تیزی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 24 ارب 20 کروڑ 6 لاکھ 17 ہزار312 روپے بڑھ کر 29 کھرب 12 ارب 23 کروڑ 47لاکھ 54 ہزار853 روپے ہوگیا۔ مجموعی طو رپر کاروباری حجم 7 کروڑ 19لاکھ 73ہزار 31 شیئرز رہا جو پیر کے مقابلے میں 3 کروڑ 17 لاکھ 63ہزار 480 شیئرز زائد ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے یونی لیور پاکستان کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 44.50 روپے اضافے سے 3996.50 روپے اورسیمنز پاک کے حصص کی قیمت 34.38 روپے اضافے سے 1160.99 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی یونی لیور پاک فوڈکے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 54 روپے کمی سے 1036.00 روپے جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 51.00 روپے کمی سے 993.00 روپے پر بند ہوئی۔ منگل کو فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کی سرگرمیاں 1 کروڑ 7 لاکھ 13ہزار190 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے شیئرز کی قیمت 1.12روپے اضافے 30.44روپے اورحب پاور کمپنی کی سرگرمیاں81 لاکھ 34ہزار 17 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 98پیسے اضافے سے35.51 روپے پر بند ہوئی۔
Post a comment