فوج میرے ساتھ ہے جنرل عبدالفتح السیسی

قائرہ(ثناء نیوز) مصر کے جنرل عبدالفتح السیسی نے کہا ہے کہ اگر وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لیتے ہیں تو فوج ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔ ایک انٹرویو میںانہوں نے کہا، اگر فوج کی جانب سے مینڈیٹ دیا گیا اور عوام کی طرف سے مطالبہ کیا گیا تو میں صدارتی انتخابات میں ضرور حصہ لوں گا۔مصر میں اسی سال صدارتی انتخابات منقعد ہوں گے تاہم ابھی تک اس بارے میں حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ السیسی کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ملک میں آئینی مسودے پر ریفرنڈم ہونے جا رہا ہے۔ اس حوالے سے فوجی جنرل نے مصری شہریوں سے اگلے دنوں کے دوران ہونے والے اس ریفرنڈم میں بھرپور انداز میں شرکت کرنے کے لیے کہا ہے۔ معزول صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلون نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے منگل اور بدھ کو ہونے والے اس ریفرنڈم کا بائیکاٹ کریں۔محمد مرسی کو منصب صدارت سے ہٹانے کی وجہ سے السیسی کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم مرسی کے حامی فوج کے اقدام کو ملک کی پہلی منتخب حکومت کے خلاف بغاوت سے تعبیر کرتے ہیں۔ السیسی کے ایک قریبی ساتھی نیبتایا کہ اگر عوام کی ایک بڑی تعداد آئین میں تبدیلی لانے کے اس ریفرنڈم میں شریک ہوئی تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ووٹرز السیسی کو صدر دیکھنا چاہتے ہیں۔محمد مرسی کی معزولی سے قبل فوجی خفیہ ادارے کے سابق سربراہ السیسی کو بہت کم ہی لوگ جانتے تھے۔ محمد مرسی نے 2012 میں کئی سینئر افسران پر ترجیح دیتے ہوئے59 سالہ جنرل السیسی کو ملک کا وزیر دفاع اور فوج کا سربراہ بنا دیا تھا۔ متعدد فوجی افسران کا کہنا ہے کہ جب مرسی اقتدار میں تھے، السیسی نے متعدد مرتبہ انہیں مشورے اور تجاویز دینے کی کوشش کی تاہم اسلام پسند صدرغیر مقبول فیصلے کرنے پر بضد رہے۔ انہی اقدامات کی وجہ سے ملک کے سیکیولر حلقوں، عدلیہ اور خفیہ اداروں میں مرسی کی مخالفت میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔2012 کے صدارتی انتخاب میں محمد مرسی کے ہاتھوں شکست کھانے والے متعدد امیدواروں نے کہا ہے کہ اگر جنرل السیسی صدارتی امیدوار بنے تو وہ انتخابات میں شریک نہیں ہوں گے۔ قاہرہ میں گزشتہ برس ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہی متعدد مبصرین نے کہہ دیا تھا کہ آخر میں ایسا ہو گا کہ ملک کی باگ ڈور مصری فوج کے ہاتھوں میں چلی جائے گی۔ اب جنرل السیسی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کے اشارے نے ان کے عزائم کو واضح کر دیا ہے اور مبصرین کی پیشنگوئی سچ ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔nt/ah/ks

Archives