عراق میں برطانوی فوجیوں کے جنگی جرائم

برلن(ثناء نیوز)جرمنی کی ایک غیر سرکاری تنظیم اور ایک برطانوی قانونی ادارے نے عراق میں 2003 سے 2008 کے دوران برطانوی فوجیوں کے مبینہ طور پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی تحقیقات کے سلسلے میں بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رجوع کیا ہے۔جرمن دارالحکومت برلن میں قائم یورپین سینٹر فارکانسٹیوشنل ہیومن رائٹس اور برطانوی شہر برمنگھم کی پبلک انٹرسٹ لائرز نامی فرم کی جانب سے جمعے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قائم انٹر نیشنل کرمنل کورٹ میں مشترکہ طور پر ایک شکایت درج کرا دی گئی ہے۔ اس شکایت میں عالمی عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 2003 اور 2008 کے دوران عراقی قیدیوں پر منظم انداز میں تشدد کے مبینہ واقعات کے بارے میں برطانیہ کے سینئر اہلکاروں، بالخصوص سابق وزیر دفاع جیف ہون اور سیکرٹری آف اسٹیٹ ایڈم انگرام سے بھی پوچھ گچھ کرے۔ان اداروں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں بین الاقوامی فوجداری عدالت میں ڈھائی سو صفحات پر مشتمل ایک تفصیلی دستاویز جمع کرا دی گئی ہے۔ اس دستاویز میں پچاسی واقعات یا کیسز اور کوئی دو ہزار الزامات درج ہیں اور یہ معلومات پچھلے پانچ برسوں کے دوران اکٹھی کی گئی ہیں۔برمنگھم کی پبلک انٹرسٹ لائرز کے مطابق پچھلے کچھ سالوں کے دوران قریب چار سو عراقی قیدیوں نے اس ادارے سے رابطہ کرتے ہوئے برطانوی فوجیوں کے ہاتھوں انتہائی درجے کے تشدد کی شکایات درج کرائی ہیں۔ کمپنی کے ایک اہلکار فل شائنر کے بقول ان کی قانونی ٹیم انصاف کے حصول کے لیے برطانیہ میں تمام دروازے کھٹکھٹا چکی ہے۔واضح رہے کہ سن 2006 میں بھیانٹر نیشنل کرمنل کورٹ میں اسی طرز کی ایک شکایت درج کرائی گئی تھی۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم اور برطانوی قانونی ادارے کے مشترکہ بیان کے مطابق آٹھ برس بعد یہ بات واضح ہے کہ اس معاملے کی جامع تحقیقات کرائی جانا لازمی ہیں۔واضح رہے کہ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں جنگی جرائم کے ارتکاب کے مساوی ہیں۔ اس کنونشن کی شقوں کے ذریعے جنگی قیدیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔جرمن اخبار ذوڈ ڈوئچے سائٹنگ کی ہفتے کے روز شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارت دفاع عراق میں برطانوی فوجیوں کی جانب سے تشدد کے چند ایک واقعات کا اعتراف کر چکی ہے تاہم وزارت نے اس سلسلے میں ایک منظم حکمت عملی اپنانے کے الزام کو مسترد کیا ہے۔nt/ah/ks

Archives